ایک اور حوا کی بیٹی سسرالیوں کے تشدد کا شکار، ٹانگیں توڑ دیں

شیخوپورہ کے نواحی گاؤں نوکریاں میں سسرالیوں نے بہو کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور ڈنڈوں سے خاتون کی ٹانگیں توڑدیں۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کےنواحی گاؤں نوکریاں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بہو سسرالیوں کے بدترین تشدد کا شکار ہوگئی ساتھ ہی بہن کو لینے آنے والے بھائی کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوہر سمیت سسرالیوں نے خاتون کو ڈنڈوں سے تشدد کرتے ہوئے ٹانگیں توڑدیں، بہن کو لینے آئے بھائی کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور حالت غیر ہونے پر سسرالی خاتون کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر خبروائرل ہونے کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ نے نوٹس لے لیا، پولیس نے متاثرہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں شوہر سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب ساہیوال میں بھی شوہر نے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آ کر ڈنڈے کے وار سے اہلیہ کو قتل اور ماں کو زخمی کردیا، ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چک 9/11 ایل کی سویرا کی 9 ماہ قبل 2/10 ایل کے امین سے شادی ہوئی تھی، سویرا شوہر اور ساس بھگن کے ہمراہ رہائش پزیر تھی، تاہم ساس بہو کے درمیان جھگڑے چلتے رہتے تھے، امین نے دونوں خواتین کو صلح کرنے کی بارہاں نصیحت کی، تاہم جھگڑے رک نہ سکے۔
ساس بھگن اور بہو سویرا کے درمیان گھر کے آنگن میں لڑائی ہوئی جس پر ملزم نے دونوں کو بمبو سے تشدد کا نشانہ بنایا، پڑوسیوں اور گاؤں والوں کے پہنچنے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
خواتین کو تشوشناک حالت میں ساہیوال ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سویرا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی جبکہ بھگن کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔