پھلوں، سبزیوں، چائے اور فصلوں کے نئے بیج کی کاشت کی منظوری

خیبر پختونخوا حکومت نے مختلف پھلوں، سبزیوں، تیل داربیجوں، چائے اور فصلوں کے نئے بیج کی کاشت کی منظوری دے دی۔
صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال کی زیرِ صدارت صوبائی سیڈ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ہر بیج کی پیداوار، کاشت کے موزوں علاقے، بیماریوں کے خلاف مدافعت اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔
سیڈ کونسل کے اجلاس میں 53 بیج زیرِ غور لائے گئے جن میں سے 38 کی کاشت کی منظوری دی گئی۔
وزیر زراعت کے پی نے کہا کہ منظور شدہ بیجوں میں مکئی کی چار اقسام اور چاول و گندم ایک ایک قسم شامل ہے، پھلوں کی کیٹیگری میں کیوی، خوبانی، مالٹے، انگور کی دو اور دو اقسام کے بیج کی منظوری دی۔
سجاد بارکوال کا کہنا تھا کہ آلو بخارہ، پیکن نٹ، انجیر اور بیر کے ایک ایک قسم کے بیج کی کاشت کی منظوری دی، سبزیوں کی کیٹیگری میں بھنڈی کی دو، ٹماٹر کی تین پیاز و پالاک کے ایک ایک قسم کے بیج کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل دار بیجوں کی کیٹیگری میں 10 اقسام کے بیج کی منظوری دی گئی، چائے کے دو اقسام کے بیج بھی کونسل کی جانب سے منظوری دی گئی، نئے بیجوں کی تیاری میں نجی سیڈ کمپنیوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
سجاد بارکوال کا کہنا تھا کہ زمینداروں کیلیے بہتر بیج کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ان کے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔