قومی

یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد قرار

پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کر دیا اور کہا یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے یوکرین تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے، اور انہیں بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "یوکرینی حکام کی جانب سے اب تک کوئی قابلِ تصدیق شواہد فراہم نہیں کیے گئے اور نہ ہی پاکستان کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔”

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کرے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کی روک تھام کی جا سکے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان یوکرین تنازع کے پُرامن حل کا خواہاں ہے اور ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتا ہے جو حقائق کے منافی ہوں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button