قومی

پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

اسلام آباد : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کوترکیہ میں اعلیٰ عسکری اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نواز دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ترک افواج کے ساتھ بحری تعاون، دفاعی شراکت داری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، یہ اعزاز ترکیہ میں ایک پروقار تقریب کے دوران دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ ترک نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایڈمرل نوید اشرف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے ترک نیول فورسز کے کمانڈر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ بحری تعاون، دفاعی اشتراک، مشترکہ مشقوں اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورہ ترکیہ کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے ترک وزیر دفاع، چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر ترک نیوی فلیٹ سے بھی اہم ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف دفاعی پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔

ایڈمرل نوید اشرف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے تحت چلنے والے ملجم پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گولچک نیول بیس پر ترک آبدوزوں کی تعمیراتی صلاحیتوں کا مشاہدہ بھی کیا۔

نیول چیف نے اپنے دورے کے دوران ترک بحری جہاز سمیت متعدد نیول تنصیبات کا معائنہ کیا اور ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں مددگار ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button