’شیخ وقاص 40 روز سے غیر حاضر ہیں، کوئی بھی رکن نشست خالی قرار دینے کی تحریک لا سکتا ہے‘

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رکن شیخ وقاص اکرم 40 روز سے ایوان سے غیر حاضر ہیں۔
اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران رولنگ دی کہ شیخ وقاص اکرم مسلسل ایوان سے غیر حاضر ہیں لہٰذا اگر کوئی 40 دن غیر حاضر رہے تو کوئی بھی رکن نشست خالی قرار دینے کی تحریک لا سکتا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ تحریک منظور ہونے پر نشست خالی قرار دے دی جائے گی، بطوراسپیکر ایوان کو آئین اور قواعد سے آگاہ کر رہا ہوں، قواعد و ضوابط ملک عامر ڈوگر کو دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ رول 44 ون کے تحت بتا رہا ہوں شیخ وقاص اکرم 40 روز سے غیر حاضر ہیں۔
اس پر پی ٹی آئی رکن ملک عامر ڈوگر نے سوال اٹھایا کہ یہ رول جو آپ نے پڑھا ہے بتا دیں آج تک کس نے قواعد پر عمل کیا ہے؟ ہمارے اراکین یہاں پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار کیے گئے، یہاں جو ظلم ہو رہا ہے ہمارے اراکین کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں۔
اس پر ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ یہ ہمارا حق ہے۔ ایاز صادق نے سوال کیا کہ یہ حق 2018 سے 2022 تک کہاں تھا؟
پی ٹی آئی رکن نے کہا کہ یہی ماحول رہنا ہے تو پارلیمان کو تالا لگا دیں۔