سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو امام مسجد الحرام کا اہم پیغام

امام مسجد الحرام شیخ یاسر الدوسری نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیلیے اہم پیغام جاری کر دیا۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق امام مسجد الحرام نے جمعے کے خطبے میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر خبروں کو شیئر کرنے سے پہلے تصدیق کریں، فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسے مواد کو پھیلانے سے گریز کریں جس میں من گھڑت بیان یا جھوٹا فتویٰ شامل ہو۔
شیخ یاسر الدوسری نے خبردار کیا کہ ان میں سے بہت سے اکاؤنٹس جان بوجھ کر کسی کی شخصیت کو بگاڑنے اور معاشرے میں تقسیم کے بیج بونے کیلیے غلط معلومات پھیلاتے ہیں۔
امام مسجد الحرام نے زور دے کر کہا کہ ہر وہ شخص جو سوشل میڈیا پر مواد شائع یا شیئر کرتا ہے وہ اس کیلیے اللہ کے سامنے جوابدہ ہے۔
خدمت کیلیے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے میں سعودی عرب کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ڈیجیٹل میدان میں ملکی وژن اور مستحکم اقدامات کی تعریف کی۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ فونز کچھ لوگوں کیلیے کنکشن کے ٹولز سے تنہائی اختیار کرنے کے ذرائع میں بدل گئے ہیں۔
شیخ یاسر الدوسری نے کہا کہ ایسے لوگ دوسروں کے درمیان بغیر دل والا جسم اور حواس کے بغیر روح کے مانند ہیں جو پلیٹ فارمز پر اسکرولنگ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اکثر جھوٹی زندگیوں اور غیر منصفانہ موازنہ کا تھیٹر بن گیا ہے جو حسد، رنجش اور ناشکری کو بڑھاتا ہے۔