ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، صدر پی ایچ ایف

صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، وہاں کھیلنے سے متعلق خدشات پائے جاتے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے انگلینڈ میں جو رویہ دکھایا وہ مثبت نہیں، بھارت میں کھیلنے کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں، چاہتے ہیں پہلے ہمارا وفد بھارت جائے اور حالات دیکھ کر پھر کوئی فیصلہ کریں
طارق بگٹی نے کہا کہ کرکٹ میں نیوٹرل وینیو کی مثال ہے ہاکی میں ایسا نہیں ہے، ہم اپنے تحفظات کے حوالے سے اے ایچ ایف کو آگاہ کر رہے ہیں۔
صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ بھارتی میڈیا سے پاکستان ٹیم کو ملنے والی دھمکیوں کا سن رہے ہیں، بھارت جائیں یا نہیں فیصلہ حکومت ہی کریگی۔
انھوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے ایف آئی ایچ سے پرولیگ میں شرکت کے فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا ہے، پرولیگ پر حکومت سے بات جاری ہے، جلد اچھی خبر آئے گی، ایف آئی ایچ نے 12 اگست تک کی ڈیڈلائن دی تھی ہم نے 20 اگست تک کی درخواست کی۔
صدرپی ایچ ایف طارق بگٹی نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کےلیے 35 کروڑ روپے کا بجٹ بناکر بھیجا ہے، پرو ہاکی لیگ سمیت سال بھر کے دیگر ایونٹس کیلئے 70 کروڑ درکار ہوں گے۔