قومی

کراچی میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 ملازمین جاں بحق، ڈکیتی یا ذاتی دشمنی واضح نہیں ہو سکا

شہر قائد میں مبینہ ڈکیتی مزاحمت کا ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، بلدیہ ٹاؤن میں ایک ہوٹل پر فائرنگ سے 2 ملازمین جاں بحق ہو گئے ہیں، تاہم یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ واقعہ ڈکیتی پر مزاحمت کا نتیجہ ہے یا ذاتی دشمنی کا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن، گلشن مزدور میں ایک ہوٹل پر فائرنگ کی گئی ہے جس میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جن کی شناخت 25 سالہ وہاب اور 28 سالہ حبیب اللہ کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہد نے بتایا کہ یہ واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، عینی شاہد نے بتایا ’’قریب ہی میرا پھلوں کا ٹھیلا ہے، مجھے اچانک فائرنگ کی آواز آئی، جس پر میں ہوٹل کی طرف بھاگا تو دیکھا 2 افراد کو گولیاں لگی تھیں، ایک زخمی سے بات کرنے کی کوشش کی اس نے بتایا کہ ڈاکو آئے تھے۔‘‘

ہوٹل ملازم نے بھی بتایا کہ ہوٹل پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، ملزمان موبائل فون چھین کر فرار ہوئے، نشانہ بننے والے دونوں جاں بحق افراد ہوٹل پر کام کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے، اور فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے، کیوں کہ ان افراد کا چند روز قبل جھگڑا بھی ہوا تھا، تاہم واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button