فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار، دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر

قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بیٹر فخر زمان دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر ہوگئے۔
رپوٹس کے مطابق اوپننگ بیٹر فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری کے باعث سیریز میں مزید حصہ نہیں لے پائیں گے۔
پاکستانی بیٹر دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے 19ویں اوور میں فیلڈنگ کے دوران انجری کی زد میں آئے تھے، جس کے باعث وہ دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر ہوگئے۔
فخر زمان آج شام کو فوری وطن واپس آکر این سی اے میں ری ہیب کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں 190 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ 13 رنز سے جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، قومی ٹیم نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز اسکور کیے۔
صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔