سعودی عرب: غیرملکی ڈاکٹر اور اہلیہ گاڑی میں دم گھٹنے سے ہلاک

سعودی عرب میں غیرملکی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ گاڑی کے اندر دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شقرا ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر عبدالعزیز ادریس اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر اسما احمد شقرا کے ایک میڈیکل کمپلکس میں فزیشن تھے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ریاض کے ایک ریستوران کے باہر گاڑی میں کھانے کے آرڈر کا انتظار کر رہے تھے کہ کار کے ایئرکنڈیشنر سے گیس لیک ہونے پر غیرملکی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہوگئے۔ دونوں ایک دن کے لئے ریاض پہنچے تھے۔
گزشتہ روز شقرا گورنریٹ کے ایک ریسٹ ہاؤس میں تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کے ساتھیوں نے شرکت کی، اس نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شرکا نے دونوں ڈاکٹروں کے اعلیٰ اخلاق، کام کی لگن، ساتھیوں اور مریضوں کے ساتھ کے حسن سلوک کی تعریف کی۔
اس سے قبل سعودی عرب کے شہر طائف کے تفریحی پارک میں جھولا ٹوٹنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت نازک ہے، طائف میں موجود گرین ماؤنٹین پارک میں جھولا جھولنے کے دوران اچانک جھولے کا پائپ ٹوٹ گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جھولے میں متعدد افراد موجود ہیں اس دوران اچانک جھولا ٹوٹ جاتا ہے۔ جس کے بعد چیخ و پکار مچ جاتی ہے۔