حکومت نے چینی درآمد کا ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا

وفاقی حکومت نے چینی درآمد کا ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے، چینی کا یہ نیا ٹینڈر 11 اگست کو کھولا جائے گا۔
ٹی سی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی چینی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا، گزشتہ ٹینڈر میں 4 کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائی تھیں، تاہم ریٹ زیادہ ہونے کے باعث یہ گزشتہ ٹینڈر منسوخ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ٹینڈر میں درآمدی چینی کی قیمت 227 روپے فی کلو بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ابتدائی طور پر ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کر رہا ہے، پہلے مرحلے میں پاکستان 5 کروڑ 67 لاکھ کی چینی امپورٹ کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ درآمدی چینی پر 1.85 ارب روپے کی سبسڈی سے ٹیکس ہدف پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ ٹن چینی پر 1.85 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دینا پڑے گی۔
اس پر آئی ایم ایف نے اعتراض کر دیا تھا تاہم درآمدی چینی پر ٹیکس چھوٹ پر آئی ایم ایف کا اعتراض ختم کر دیا گیا ہے، چینی کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ بجٹ اور سبسڈی کا حصہ نہیں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے نوٹیفکیشن میں امپورٹڈ پر سیلز ٹیکس 18 فی صد سے کم کر کے 0.25 فی صد کیا گیا، نوٹیفکیشن 1216 کی چھوٹ بجٹ یا سبسڈی سے تعلق نہیں رکھتی، چینی درآمد کرنا اور اس کے لیے سبسڈی دینا بجٹ کا حصہ نہیں ہے۔