یشسوی جیسوال نے انگلینڈ کے خلاف سنچری بنا کر بھارتی لیجنڈ کو پیچھے چھوڑ دیا

انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں یشسوی جیسوال سنچری جڑتے ہوئے سابق کرکٹر روی شاستری سے آگے نکل گئے۔
بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال 24ویں ٹیسٹ میچ میں اپنی چھٹی سنچری مکمل کی جب انھوں نے پانچویں ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کے خلاف شاندار سنچری بنائی، انھوں نے 164 بالز پر 118 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
اوول میں سنچری کے ساتھ، جیسوال 24 سال کے ہونے سے پہلے ہی بھارت کے لیے ٹیسٹ میچوں میں پانچ سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔
بھارتی اوپنر نے 24 سال کی عمر سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرا نمبر حاصل کرلیا ہے، ٹنڈولکر 11 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
ٹنڈولکر کے بعد 6 سنچریاں اسکور کرتے ہوئے جیسوال اس لسٹ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، روی شاستری اور دلیپ وینگسارکر 5،5 سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ جیسوال کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بھارت کے لیے آخری ٹیسٹ جیتنے اور سیریز میں ڈرا کرنے کا سنہری موقع پیدا ہوگیا ہے کیوں مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 396 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔