دوسرا ٹی 20، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

لاڈرہل (03 اگست 2025): دوسرے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاڈرہل، فلوریڈا میں کھیلے جانے والی 3میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن وہ مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 133 رنز بنا سکی تھی، مخالف ٹیم نے بیس اوورز مکمل کھیل کر 8 وکٹوں پر 135 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان سلمان علی آغا 38، فخر زمان 20 رنز بنا سکے، حسن علی 8، صائم ایوب 7، محمد حارث 4 رنز بنا سکے، صاحبزادہ فرحان 3، محمد نواز اور شاہین آفریدی 2،2 رنز بنا سکے، جب کہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیسن ہولڈر نے شان دار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، میچ آخری گیند پر جیتا، جب 4 وکٹیں لینے والے بولر جیسن ہولڈر نے آخری گیند پر چوکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، گوداکیش موتی نے 28، کپتان شائی وپ نے 21 رنز بنائے، روسٹن چیز اور جیسن ہولڈر نے 16،16 رنز اسکور کیے۔
خیال رہے کہ تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 164 رنز بنا سکی تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز بنائے، صائم ایوب نے 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
پاک ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔