بنوں پولیس دہشت گردوں کے مستقل نشانے پر، حملے میں 3 ہلاک، ایک اہلکار شہید

بنوں (03 اگست 2025): بنوں پولیس پر ایک بار پھر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، جس میں 3 حملہ آور مارے گئے، اور ایک اہلکار شہید ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر حملہ کیا جسے بہادر پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے ہیں، ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں، پولیس اہلکار نیاز نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے میں اہلکار سوداد، مفتی محمود زخمی ہوئے، حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، حملے کی ناکامی کے بعد آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں علاقےمیں سرچ آپریشن جاری ہے۔ آر پی او، ڈی پی او نے کامیاب آپریشن پر پولیس کے ہمراہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
21 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع بنوں میں نیو سبزی منڈی پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، دہشت گردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی گیٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا تھا، جس کے بعد وہ اندر گھسے اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
25 جولائی کو بنوں پولیس نے رات گئے بسیہ خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا، جب حملہ آوروں نے مختلف سمتوں سے اسنائپرز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس کی بروقت اور دلیرانہ جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے۔
26 جولائی کو بنوں میں دہشت گردوں نے تھانہ ہوید کی حدود میں مزنگہ پولیس چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا تھا، پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے بم گرایا تھا، تاہم خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔