کھیلوں کی دنیا

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بری خبر، صدف شمس آئرلینڈ ٹور سے باہر

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بری خبر ہے، بلے باز صدف شمس آئرلینڈ ٹور سے باہر ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی بلے باز صدف شمس انجری کی شکار ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے وہ T20I سیریز کے لیے آئرلینڈ جانے والی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گی۔

صدف شمس کی جگہ شوال ذوالفقار کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، شوال آج ہفتے کو کراچی میں نیشنل اسکواڈ جوائن کریں گی، جب کہ پاکستان ویمنز ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ روانہ ہوگی۔ آئرلینڈ، بیلفاسٹ میں 6 سے 10 اگست تک 3 ٹی 20 میچز شیڈول ہیں.

صدف شمس کراچی میں پریکٹس سیشن کے دوران اپنے بائیں کواڈریسیپس کے پٹھے کو زخمی کر بیٹھی تھیں، جب کہ شوال ذوالفقار، جنھوں نے تین ون ڈے اور 7 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں، ان 24 کھلاڑیوں میں شامل تھیں جو گزشتہ ماہ کراچی میں اسکلز کیمپ کا حصہ تھیں۔

شوال نے آخری ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ دسمبر 2023 میں کھیلا تھا، جس کے بعد وہ کندھے کی انجری کے باعث میدان سے باہر ہو گئی تھیں۔ انھوں نے اس سال کے شروع میں لاہور میں خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے واپسی کی تھی، اور 2 میچ کھیل کر 8 رنز بنائے تھے۔

15 رکنی اسکواڈ کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی اور اس میں 20 سالہ بلے باز ایمن فاطمہ بھی شامل ہیں، جنھیں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کامیابی کا صلہ ملا۔

آئرلینڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ

فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، شوال ذوالفقار، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن، وحیدہ اختر۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button