بھارت کا امیر ترین خاندان مشکل میں، کرپشن کے ملزم انیل امبانی کے خلاف بڑا فیصلہ

بھارت کے معروف صنعتکار اور ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور ارب پتی مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے خلاف منی لانڈرنگ اور قرض فراڈ کے سنگین الزامات سامنے آگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور ارب پتی مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی مشکل میں پھنس گئے۔
ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے 3ہزار کروڑ روپے کے مبینہ قرض فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں لک آؤٹ سرکلر جاری کر دیا ہے جس کے تحت انیل امبانی اب عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ امبانی سے منسلک کمپنیوں نے 2017 سے 2019 کے دوران بینک سے حاصل کردہ قرض کی رقم کو غیر قانونی طور پر دیگر کمپنیوں کو منتقل کیا، جسے منی لانڈرنگ اور عوامی فنڈز کے غلط استعمال کی منظم اسکیم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای ڈی نے ممبئی سمیت دیگر شہروں میں ریلائنس گروپ کے 35 سے زائد متعدد دفاتر اور اہم مقامات پر چھاپے مارنے کے بعد انیل امبانی کو 5 اگست کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے، یہ کارروائی 17ہزار کروڑ روپے کے قرض فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس کے تناظر میں عمل میں لائی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ای ڈی نے ممبئی سمیت دیگر شہروں میں اے ڈی اے جی گروپ سے متعلق 35 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے تھے جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔