ملکی برآمدات 31.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد (1 اگست 2025): ملکی معیشت کیلیے اچھی خبر ہے کہ برآمدات 3.2 فیصد اضافے سے 31.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
وزیر تجارت جام کمال کی زیرِ صدارت وزارت تجارت کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ملکی برآمدات 31.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
جام کمال نے بتایا کہ بُنے ہوئے ملبوسات کی برآمدات میں 15 فیصد، سلے ہوئے کپڑوں (وووَن گارمنٹس) کی برآمدات میں 16 فیصد جبکہ ہوم ٹیکسٹائلز کی ایکسپورٹ میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزیر تجارت نے بتایا کہ تمباکو اور سگریٹس کی ایکسپورٹ میں 135 فیصد غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات میں 17 فیصد اور سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 25 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں جام کمال نے نے حکام کو ہدایت کی کہ ابھرتی منڈیوں کیلیے مخصوص برآمداتی منصوبے تیار کیے جائیں، تجارتی رکاوٹوں سے نمٹنے کیلیے ٹریڈ الرٹ سسٹم قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے سیکٹورل ایکسپورٹ کونسلز کو فعال کرنے اور نجی شعبے سے مشاورتی عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے برآمدی منصوبہ بندی میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالٹکس کا استعمال بڑھانے پر زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی سی ٹی، فری لانسنگ اور تخلیقی صنعتوں کی برآمدات کیلیے قومی حکمت عملی تیار کی جائے گی، حکومت نے کاروباری طبقے کو سہولتیں اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
جام کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزارت تجارت کی کارکردگی کے جائزے کیلیے ہر 15 روز بعد اجلاس ہوگا۔