کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ نے ایک اور شہری کی جان لے لی

کراچی : اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکان پر بیٹھا ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نےایک اور شہری کی جان لے لی، اورنگی ٹاؤن 13نمبر میں فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کی، گولی دکان پر بیٹھے شہری کو لگ گئی، 40سالہ مصطفیٰ کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔
اس حوالے سے دکان مالک انیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نےفائرنگ سے پہلے بھی کئی شہریوں کو لوٹا تھا، مصطفیٰ کے پاس چھوٹا موبائل فون تھا، ڈاکو وہ بھی ساتھ لے گئے اور اس کی جان بھی لے لی۔
مقتول کے بھائی نعمان نے بتایا کہ مصطفیٰ 5بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور غیر شادی شدہ تھا۔
واضح رہے کہ ماہ جولائی میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے 8افراد قتل کیے جاچکے ہیں جبکہ رواں سال اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 56 سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔