روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی، امریکا، چین، جاپان میں سونامی وارننگ جاری

ماسکو (30 جولائی 2025): روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، جس کے بعد امریکا، چین، جاپان اور دیگر ملکوں میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق روس کے مشرقی ساحل کے قریب علاقے کمچاٹکا (Kamchatka) میں 8.8 شدت کا ہولناک زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، متعدد گھر منہدم ہو گئے، جب کہ عمارتیں لرز گئیں، روس کے مشرقی علاقے سے 3 سے 4 میٹر لہریں ٹکرا گئیں جس سے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ کمچاٹکا کے گورنر نے کہا کہ یہ زلزلہ دہائیوں میں آنے والا سب سے زیادہ طاقت ور تھا، نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
کمچاٹکا میں شدید زلزلے کے بعد روس کے ساتھ امریکا، چین، جاپان، فلپائن، ایکواڈور اور دیگر ممالک میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ جاپان کے مختلف علاقوں میں سونامی کی لہروں کے بعد سائرن بجائے گئے، جزیرے ہوکیڈوں سے سونامی کی لہریں ٹکرائیں، اور ٹوکیو میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے اچانک بڑی تبدیلیاں کر دیں
جاپان کا نیوکلیئر پلانٹ خالی کروا لیا گیا ہے، جاپانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، لوگ ہدایت پر عمل کریں، امریکی ریاست ہوائی میں بھی لوگوں کو ساحلی علاقے خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ جزیرہ اوواہو کو فوری طور خالی کر دیا گیا ہے، ہوائی کے گورنر نے کہا صورت حال سنگین ہے لوگ اس کو سنجیدگی سے لیں اور اونچے مقامات پر پناہ لیں، کیوں کہ 10 فٹ اونچی لہریں ٹکرانے کا امکان ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوائی میں سونامی سے خبردار کر دیا ہے، چین کے مشرقی صوبے میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے ایکدواڈور کو بھی خبردار کیا کہ 10 فٹ اونچی لہریں ایکواڈور سے ٹکرا سکتی ہیں۔