برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا اعلان

لندن: برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا اعلان کیا ہے، انھوں نے کہا کہ اسرائیل پر عائد شرائط کا مقصد غزہ کی سنگین صورت حال کو بدلنا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے الجزیرہ کو انٹرویو میں پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں امید ہے کہ غزہ میں انسانی صورت حال میں ڈرامائی کمی دیکھنے کو ملے گی۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا غزہ میں جنگ بندی اور سفارتی عمل کے لیے اسرائیل کی سنجیدہ کمٹمنٹ ضروری ہے، ہمیں صرف عارضی جنگ بندی نہیں بلکہ پائیدار امن چاہیے، اگلے ماہ شرائط کا ازسرنو جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈیوڈ لیمی نے کہا برطانیہ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا معاملہ اسرائیلی اقدامات سے مشروط کیا ہے، اسرائیل کی نیت اور عمل کی بنیاد پر برطانوی پالیسی تشکیل دی جائے گی۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیمی نے کہا کہ دنیا نے غزہ میں ’’انتہائی خوف ناک مناظر‘‘ دیکھے ہیں اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، وقت آگیا ہے کہ فلسطینی عوام کی تکلیف کو ختم کرنے اور امن کا راستہ طے کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو بہ طور ریاست تسلیم کر لے گا، انھوں نے کابینہ کو فلسطین کی ریاستی حیثیت دینے سے آگاہ کر دیا ہے، ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پہلے برطانیہ اس بارے میں فیصلہ کر سکتا ہے۔