علی امین گنڈاپور گرفتاری سے بچ گئے

پشاور ہائیکورٹ نے پولیس کو وزیر اعلیٰ خبیر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روک دیا۔
علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام سول کورٹ کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔
عدالت نے پولیس کو علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روکنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینئر سول جج اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ کے پی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمات درج ہیں، وکیل کے مطابق درخواست گزار عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ درخواست گزار 29 جولائی کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائے، درخواست گزار کو مقررہ تاریخ تک گرفتار نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ 21 جولائی 2025 کو اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
عدالت میں شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے پی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی تھی۔
عدالت نے کہا تھا کہ کل 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کیلیے آخری موقع ہے ورنہ یہ حق ختم کر دیا جائے گا، بعد ازاں کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔