آج کا غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان بنا ہوا ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آج کا غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان بنا ہوا ہے۔
یہ بات انہوں نے نیویارک میں فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں جنگی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم پر قرار واقعی سزا یقینی بناتے ہوئے وہاں انسانیت کے خلاف جرائم کا سلسلہ بند کیا
جائے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ فرانس کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، فلسطین کا مسئلہ75سال سے زائد عرصے سے حل طلب ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا صرف سیاسی ناکامی نہیں بلکہ اس کی اور بھی وجوہات ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے سعودی عرب اور فرانس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ انصاف میں تاخیر ناانصافی کے مترادف ہے،اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے۔