ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن کا دورہ

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل نے جمعہ کو سی پیک کے تحت بننےوالے سکھی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ چین انرجی اوورسیز انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ تبادلہ خیال اورمعائنے کےلئے کیا گیا جس میں ایس کے ہائیڈرو(پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام ، تعینات فوجی اہلکاروں اوردیگرافراد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس کے ہائیڈرو(پرائیویٹ) لمیٹڈ نے مانسہرہ کی انتظامیہ کی جانب سے طویل المدتی تعاون اورحمایت پر شکریہ ادا کیا۔
کمپنی نے بتایا کہ حکومت پاکستان اورمختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے یہ منصوبہ 14ستمبر2024کو تجارتی بنیادوں پر شروع ہونے کے بعد سے مسلسل کامیابی سے چل رہا ہے جس سے ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں نمایاں مدد ملی ہے۔ ایس کے ہائیڈرو(پرائیویٹ) لمیٹڈ نے پائیدار ترقی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے سماجی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھایا ہے جن میں 5ہزار مربع میٹر پرمشتمل ٹرائوٹ فش ہیچری کی تعمیر اور اس سے مقامی کمیونٹی کے حوالے کرنا ،مسلسل 7 سالوں میں ایک لاکھ 50ہزار سے زائد پودے لگائے گئے،
تعمیر کے دوران 6ہزار سے زائد روزگار کے مواقع کی فراہمی اور آپریشن کے بعد 150سے زائد مقامی افراد کو مستقل ملازمت دینا ، این 15متبادل شاہراہ ، پلوں اور خان ایریا گورنمنٹ سنٹرکی تعمیرمیں مالی معاونت، وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ دینا ، ’’ایس کے محبت اور طلبہ کی مدد‘‘ پروگرام، مصوری اور تقریری مقابلے جیسے ثقافتی اورتعلیمی اقدامات میں مسلسل حصہ لینا شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے کامیاب کارکردگی اورمقامی ترقی میں اس کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مانسہرہ ہائیڈرو پاور سٹیشن کی عملی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اوراس کے ارد گرد کے علاقوں میں سلامتی اور ترقیاتی ماحول کو یقنیی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ صاف توانائی کے ذریعے مقامی معیشت اورسماج کو مزید ترقی دینے، روزگار بڑھانے اورعوامی آمدنی میں بہتری کےلئے اپنا کردار جاری رکھے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کے پاور سٹیشن کے پلانٹ اور سوئچنگ سٹیشن کا دورہ کیا جہاں ایس کے ہائیڈرو کے ماہرین نے منصوبے کی تکنیکی تفصیلات ، جدید سمارٹ آلاٹ کے استعمال، موثر آپریٹنگ ماڈلز اورچینی و پاکستانی انجینئرز کے اشتراک پر تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ منصوبہ چین انرجی اوورسیز انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے مالی تعاون سے تعمیرکیا گیا ہے اور پاکستان میں گرین انرجی کا ایک روشن سنگ میل سمجھا جاتا ہے جسے سی پیک کا سبز موتی بھی کہا جاتا ہے۔ ایس کے پاور سٹیشن نہ صرف مقامی، اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دے رہا ہے بلکہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون اوردوستی کی روشن مثال بھی بن چکا ہے۔