فرانس کے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان پر سعودی عرب نے کیا کہا؟

فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان پر سعودی عرب کا ردعمل سامنے آگیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ اور دیرپا امن کیلیے فیصلہ کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے۔
فلسطینی اتھارٹی کے نائب صدر حسین الشیخ نے صدر ایمانوئل میکرون کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اب سعودی وزارت خارجہ نے بھی ایمانوئل میکرون کے اعلان کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے دیگر ممالک بھی اسی سمت میں قدم اٹھائیں گے۔
سعودی عرب اور فرانس اٹھائیس تا انتیس جولائی کو دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے تاہم امریکا نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی رپورٹ کے مطابق تقریباً 142 ممالک اب فلسطینی ریاست کی حمایت کر رہے ہیں۔
سعودی عرب نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امن اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں سنجیدہ مؤقف اختیار کریں۔
اسرائیل اس وقت غزہ میں نہ صرف تباہ کن فوجی مہم چلا رہا ہے بلکہ فلسطینیوں کی کھانے پینے تک رسائی بھی روک رکھی ہے جس کے باعث ہزاروں بچے غذاقی قلت کا شکار ہو رہے ہیں۔