نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، عالمی چیلنجز کے حل میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر پاکستان کی غیر متزلزل اور مضبوط وابستگی کے عزم کا اعادہ

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویترس سے ملاقات کی ، انہوں نے کثیر الجہتی نظام اور عالمی چیلنجز کے حل میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر پاکستان کی غیر متزلزل اور مضبوط وابستگی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کواقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گویترس سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے کثیرالجہتی نظام اور عالمی چیلنجز کے حل میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر پاکستان کی غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان تنازعات کے حل، پائیدار ترقی اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل میں پاکستان کے مثبت کردار اور اصولی موقف کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے کونسل کے ایجنڈے پر موجود اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا، جن میں مشرق وسطیٰ کے بحران اور ایران کی صورتحال شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، خاص طور پر امن کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستان کی صدارت میں کثیرالجہتی نظام اور تنازعات کے پرامن حل پر ہونے والی اعلیٰ سطحی بحث اور اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے ساتھ تعاون کے اجلاس پاکستان کے کثیرالجہتی اصولوں اور امن کی ترویج کے عزم کے عکاس ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے لیے اہمیت کے حامل علاقائی اور قومی مسائل، خاص طور پر جموں و کشمیر تنازعہ، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان میں بیرونی امداد سے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطینی ریاست کے حق، غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت اور مغربی کنارے میں اسرائیلی الحاق کی منصوبہ بندی کی سختی سے مخالفت پر پاکستان کے موقف کی توثیق کی۔
انہوں نے اگلے ہفتے نیویارک میں ہونے والی دو ریاستی حل پر بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر اہم فیصلوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کی "یو این 80” اقدام کو اقوام متحدہ کے تین ستونوں، بین الاقوامی امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کو مضبوط بنانے کا اہم موقع قرار دیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو خطے میں رابطہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔