اگست سے اکتوبر تک کاعرصہ شجر کاری کیلئے موزوں ترین ، تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے،ڈاکٹرمصدق ملک

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اگست سے اکتوبر تک کا عرصہ شجرکاری کے لیے موزوں ترین ہے، لہٰذا تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ مون سون کے موسم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھایا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنی زیرِ صدارت مون سون شجر کاری مہم سے متعلق کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
ڈاکٹر مصدق ملک کی زیرِ صدارت مون سون شجر کاری مہم سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کا مقصد آئندہ قومی شجر کاری مہم کے لئے حکمت عملی اور بین الادارہ جاتی روابط کو حتمی شکل دینا تھا۔اجلاس میں سیکرٹری وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی عائشہ حمیرا مورانی، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد یُدین احمد وانی، اراکینِ قومی اسمبلی محترمہ زہرہ فاطمی اور صباصادق سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور تمام صوبوں میں شجر کاری کے جامع منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں سکولوں، طلبہ، سرکاری اداروں اور عوام الناس کو مہم میں بھرپور طور پر شریک کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگست سے اکتوبر تک کا عرصہ شجرکاری کے لیے موزوں ترین ہے، لہٰذا تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ مون سون کے موسم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھایا جا سکے۔
اجلاس میں پودوں کی مفت فراہمی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد شجرکاری میں حصہ لے سکیں۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ صرف مقامی اور موسمی حالات سے ہم آہنگ اقسام کے پودے لگائے جائیں تاکہ ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں اور ماحولیاتی توازن متاثر نہ ہو۔