ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
آندرے رسل رواں ماہ ویسٹ انڈیز میں آسٹریلیا کے خلاف 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران 2 میچز کھیلنے کے بعد ریٹائر ہوں گے۔
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 سے 28 جولائی تک کھیلی جائے گی۔آندرے رسل اپنے ہوم گراؤنڈ جمیکا کے سبینا پارک میں 22 جولائی کو اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آندرے رسل کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہ 15 سال تک آپ ویسٹ انڈیز کی شان کے لیے دل سے اور جذبے سے کھیلے، آپ کا شکریہ۔
واضح رہے کہ رسل نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 56 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ وہ 2012 اور 2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
37 سالہ رسل نے 2019 کے بعد سے صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ ہی کھیلا اور اب 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ایک سال قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں۔