علی امین گنڈا پور خودفارم47 کے وزیراعلیٰ اور چند ماہ کے مہمان ہیں، ترجمان جے یو آئی

پشاور: ترجمان جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) خیبرپختونخوا عبدالجلیل جان نےکہا ہےکہ علی امین گنڈا پور خود فارم 47 کے وزیراعلیٰ ہیں، وہ چند ماہ کے مہمان ہیں جس کا اعلان انہوں نے خود لاہور میں کردیا۔
ترجمان جے یو آئی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا باجوڑ جانے کے بجائے لاہور میں سیر سپاٹا انتہائی شرمناک ہے، کے پی حکومت سرتا پاؤں کرپشن میں ڈوبی ہے، خزانےکے وسائل سے لاہور کا دورہ کرنے والوں سے حساب لیا جائےگا۔
عبدالجلیل جان نےکہا کہ شوکت یوسفزئی کے اعتراف کے مطابق وزیراعلیٰ جعلی مینڈیٹ پر براجمان ہیں، مولانا فضل الرحمان کے حقیقت پر مبنی بیان نے وزیراعلیٰ کی ڈرامہ بازی پر پانی پھیر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھکوں اور ڈرامہ بازیوں کے بجائے وزیراعلیٰ صوبے میں امن امان کی فکر کریں، صوبے میں لاشیں گر رہی ہیں اور وزیراعلیٰ لاہورکی سیر کر رہے ہیں، علی امین پی ٹی آئی کو ختم کرنےکی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔