روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کو بھی برطرف کردیا

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا، ساتھ ہی انہیں مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے صدر کے خصوصی مندوب کے منصب سے بھی سبکدوش کر دیا گیا۔
میخائل بوگدانوف گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے دونوں عہدوں پر فائز تھے اور روس کی مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے متعلق سفارتی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے۔ وہ او آئی سی سمیت بین الاقوامی اسلامی تنظیموں سےمتعلق امور بھی دیکھتے تھے۔
میخائل بوگدانوف شام، لیبیا اور خطے کے دیگر ممالک میں روس کے سفارتی مشن کی قیادت کرتے رہے ہیں۔
73 برس کےبوگدانوف 1974 سے سفارتی خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سن 2011 میں وزارت خارجہ کا نائب سربراہ اور سن 2014 میں صدر کا خصوصی مندوب مقررکیا گیا تھا۔
روسی صدارتی محل کی جانب سےمیخائل بوگدانوفMikhail Bogdanov کو برطرف کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل روسی صدر نے وزیر ٹرانسپورٹ رومن اسٹارووائٹ کو بھی عہدے سے برطرف کیا تھا جس کے چند گھنٹوں بعد ہی وزیر ٹرانسپورٹ رومن اسٹارووائٹ اپنی گاڑی میں مردہ پائے گئے۔
ماسکو سے خبر ایجنسی کے مطابق برطرف روسی وزیر ٹرانسپورٹ کی لاش ماسکو کے قریب واقع علاقے میں گاڑی سے ملی، لاش پر گولی کا زخم تھا۔
روسی تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ برطرف وزیر ٹرانسپورٹ نے ممکنہ طور پر خودکشی کی ہے۔