نجکاری کمیشن بورڈ نے قومی ائیرلائن کیلئے 4 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کرلیا

نجکاری کمیشن بورڈ نے قومی ائیرلائن ( پی آئی اے) کی نجکاری کےلیے 4 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کرلیا۔
مشیر نجکاری محمد علی کی زیر صدارت کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں پیشگی کوالیفکیشن کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران 5 ممکنہ سرمایہ کاروں کی جانب سے جمع کرائی گئی اہلیت کی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق مکمل جانچ پڑتال کے بعد 4 سرمایہ کار کمپنیوں کو اہل قرار دیا گیا جو اب پی آئی اے کے لیے ڈیو ڈیلیجنس (Due Diligence) کے مرحلے کی طرف بڑھیں گی۔
نجکاری کمیشن نے بتایا کہ بورڈ نے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی بھی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد ملک کے لیے طویل مدتی مالیاتی فوائد کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے منظور ہونے والے چاروں سرمایہ کار پی آئی اے میں 51 سے 100 فیصد حصص خریدنے کےلیے اہل ہوں گے۔
رائٹرز کے مطابق یہ اقدام آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کے تحت مالی اصلاحات اور نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کی کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے طویل عرصے سے مالی خسارے کا شکار ہے اور حکومت اس پر اٹھنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے نجی سرمایہ کاروں کی تلاش میں ہے۔