قومی

مریم نواز مکان کیلئے سبسڈی دے سکتی ہیں تو مراد علی شاہ کیوں نہیں دے سکتے: چیئرمین آباد

کراچی: چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہا ہے کہ مریم نواز مکان کے لیے سبسڈی دے سکتی ہیں تو مراد علی شاہ کیوں نہیں دے سکتے۔

لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہا کہ شہر میں7 سال میں 12 عمارتیں گریں اور 150 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، یہ کرپشن، لالچ اور بے حسی کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 700 مخدوش عمارتوں کا حل ڈھونڈھیں، حکومت کے بجائے نجی شعبے یا نیسپاک سے سروے کروایا جائے، حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو بہت بڑا جانی نقصان ہوسکتا ہے، 2 لاکھ 80 ہزار لوگوں کی جان خطرے میں ہے۔

چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ لیاری واقعے پر صوبائی حکومت کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل ناکافی ہے، وہی لوگ تحقیقات کریں گے تو ٹھیک بات کیسے سامنے آئے گی، وزیر اعلی سندھ کو خود کمیٹی کی سربراہی کرنا چاہیے تھا۔

حسن بخشی نے مزید کہا کہ 5 سال میں ایک لاکھ عمارتیں بنیں، 85 ہزار کی تعمیر کا نقشہ اور انجینئر ہی نہیں تھا، ایسی بلڈنگ بنانے میں ملوث افسران پر اے ٹی سی کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے، غیر قانونی تعمیرات میں ایس بی سی اے، پولیس اور مافیا ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مکان کے لیے سبسڈی دے سکتی ہیں تو مراد علی شاہ کیوں نہیں دے سکتے، بلاول بھٹو ہاؤسنگ کے مسائل پر توجہ دیں۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ کاروباری مواقع کے جائزے کے لیے جلد پنجاب جائیں گے اور مریم نوازسےملاقات ہوسکتی ہے۔

واضح رہےکہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گزشتہ ہفتے ایک 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں27 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button