جعلساز اے آئی کے ذریعے امریکی وزیر خارجہ بن کر اعلیٰ ملکی اور غیر ملکی حکام سے رابطہ کرنے لگے

واشنگٹن: امریکی اخبار کے مطابق ایک جعلساز نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بن کر غیر ملکی وزرائے خارجہ، ایک امریکی گورنر اور ایک امریکی رکن کانگریس سے رابطہ کیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک کیبل اور ایک سینیئر امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس جعلساز نے ان شخصیات کو ایسے آڈیو اور تحریری پیغامات بھیجے جن میں مارکو روبیو کی آواز اور تحریری انداز کی ہو بہو نقل کی گئی تھی اور یہ سب مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئرز کے ذریعے کیا گیا۔
مارکو روبیو کے دفتر کی طرف سے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کو بھیجے گئے ایک کیبل میں کہا گیا کہ حکام کو معلوم نہیں ہے کہ جعلسازی کی ان کوششوں کے پیچھے کون ہے لیکن حکام کا ماننا ہے کہ اس کا مقصد بااثر سرکاری حکام کو دھوکہ دے کر معلومات یا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنا ہے۔
3 جولائی کو جاری کی گئی اس کیبل میں کہا گیا کہ اس جعلساز نے ٹیکسٹ میسجز اور انکرپٹڈ میسیجنگ ایپ ’سگنل‘ (جسے ٹرمپ انتظامیہ بڑے پیمانے پر استعمال کرتی ہے) کے ذریعے کم از کم 5 افراد سے رابطہ کیا جن میں 3 غیر ملکی وزرائے خارجہ، ایک امریکی گورنر اور ایک رکنِ کانگریس شامل ہیں۔
یہ سلسلہ جون کے وسط میں اس وقت شروع ہوا جب جعلساز نے Marco.Rubio@state.gov کے نام سے سگنل پر ایک اکاؤنٹ بنایا اور اس نام کے ذریعے غیر ملکی اور ملکی سفارتکاروں و سیاستدانوں سے رابطہ کیا۔
جب اس کیبل کے بارے میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گا اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ تاہم حکام نے پیغامات کے مندرجات یا ان افراد کے نام ظاہر کرنے سے گریز کیا جنہیں نشانہ بنایا گیا۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا کسی بھی اہلکار نے اس جعلساز کو کوئی جواب دیا یا نہیں۔
کیبل میں امریکی سفارتکاروں کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی قسم کی جعلسازی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔ امریکا میں کسی وفاقی افسر یا ملازم کا روپ دھار کر کوئی فائدہ حاصل کرنا ایک جرم ہے۔
مارکو روبیو کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ ان حالیہ کوششوں میں سے ایک ہے جن میں اعلیٰ امریکی حکام کا روپ دھارا گیا۔ مئی میں وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کا فون ہیک کرکے سینیٹرز، گورنرز، اور کاروباری افراد کو کالز اور پیغامات بھیجے گئے تھے۔