فرانس توانائی، شہری ترقی، بلدیاتی خدمات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کا اہم ترقیاتی شراکت دار رہا ہے، احد خان چیمہ

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہاہے کہ فرانس توانائی، شہری ترقی، بلدیاتی خدمات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کا اہم ترقیاتی شراکت دار رہا ہے، فرانسیسی ترقیاتی ادارہ کے تعاون سے اس وقت 14 منصوبے جاری ہیں جبکہ مزید سات منصوبے منظوری کے مرحلے میں ہیں۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گالے سے ملاقات میں کہی ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے اور جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر وینسینٹ تھیونو بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے نے فرانسیسی حکومت اور فرانس کی ترقیاتی ایجنسی کی پاکستان کیلئے مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2008 سے فرانس خاص طور پر توانائی، شہری ترقی، بلدیاتی خدمات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کا اہم ترقیاتی شراکت دار رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے تعاون سے 14 منصوبے جاری ہیں، جب کہ مزید سات منصوبے منظوری کے مرحلے میں ہیں، جن کی جلد منظوری کی امید ہے۔
وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں دیہی ترقی و موسمیاتی موزونیت کے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس منصوبے کے تحت 216 پینے کے صاف پانی کی سکیمیں، 70 پائپڈ سیوریج سسٹم، 1200 سے 1300 کلو واٹ تک مائیکرو ہائیڈرو پاور یونٹس کی تنصیب، 3,000 گھروں کی مرمت اور 700 گھروں کی توانائی بچانے والے انداز میں نئی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے پنجاب کے بڑے شہروں کے لیے سیوریج کے نظام کی بہتری کے منصوبوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ بھی جلد فائنل ہو جائے گا۔ انہوں نے خاص طور پر لاہور کے لیے 120 ملین یوروز مالیت کابابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبہ شہری صفائی کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا ۔
فرانسیسی سفیر نے حکومت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے فرانس اور فرانسیسی ترقیاتی ادارہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ فرانس پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور جامع ترقی، موسمیاتی بہتری اور پائیدار بنیادی ڈھانچہ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر نے نے لاہور اور فیصل آباد کے پانی و صفائی کے منصوبوں کے لیے دی گئی گرانٹ پر فرانسیسی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت میں فرانس کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ فریقین نے باہمی معاشی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی اہداف کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔