گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آئی ڈی پیز کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطحی کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آئی ڈی پیز کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطحی جرگے نے ملاقات کی، جس میں قبائلی اضلاع کے باسیوں متاثرین اور خصوصا مدا خیل قوم کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ جرگے کی قیادت آئی ڈی پیز کمیٹی کے صدر ملک رحمت غلام وزیر نے کی۔جرگے کے شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے دخلی کے بعد ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جن کا فوری حل تلاش کرنا ناگزیر ہے، انہوں نے گورنر سے شکوہ کیا کہ انضمام سے قبل فاٹا سیکریٹریٹ اور گورنر کا نظام قبائل کے مسائل کو حل کرنے میں معاون تھا، مگر انضمام کے بعد مسائل میں کئی گنا اضافہ ہوا۔
فنڈز پر صوبائی حکومت کی جانب سے ’شب خون‘ مارا گیا، جس کی وجہ سے ترقیاتی عمل متاثر ہوا ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی نے جرگے کو یقین دلایا کہ پاک افغان سرحد پر مدا خیل قوم کو درپیش مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور وفاقی حکومت سے بات کرکے ان کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پشتون بیلٹ کے عوام کی مشکلات کا بھرپور ادراک ہے اور ان کے دل میں ان مسائل کا درد موجود ہے۔ان حالات سے نکلنے کے لیے ، نئی نسل کے بہتر مستقبل کے لیے قبائل کو خود کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے تجویز دی کہ تمام قبائلی اقوام کو مل کر ایک گرینڈ جرگہ تشکیل دینا چاہیے تاکہ ریاست سے وعدوں کی عدم تکمیل پر مؤثر انداز میں بات کی جا سکے اور قبائل کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
گورنر نے وفد کی درخواست پر ہلال احمر کے حکام کو ممکن حد تک تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں ،ملاقات میں قبائل نے گورنر کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔