وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کی ایٹمی طاقتوں کی صف میں تاریخی شمولیت کی 27 ویں سالگرہ ہے۔یوم تکبیر کے موقع پر بدھ کو وفاقی وزیر نے اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جرات مندانہ قیادت پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی کے دن پاکستان نواز شریف کی جرات مندانہ قیادت میں بھارت کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی تجربات کر کے کامیابی سے پہلی مسلم ایٹمی طاقت بنا۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ ٹیسٹ بہت زیادہ معاشی دباؤ، عالمی پابندیوں، دھمکیوں اور پاکستان کو جواب دینے سے روکنے کی دلکش پیشکشوں کے باوجود چاغی بلوچستان کے پہاڑوں میں کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہینہ ہمیں بھارت کی طرف سے مسلط کی گئی غیر منصفانہ جنگ کی بھی یاد دلاتا ہے جس میں پوری قوم ایک بار پھر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوئی، ہماری افواج کی بہادری سے بھارت کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان فاتح بن کر ابھرا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پاکستانیوں کو اپنی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں میں فخر محسوس کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قوم ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔محمد حنیف عباسی نے قومی اتحاد اور عزم کا اعادہ بھی کیا اورکہا کہ پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت ناقابل تسخیر ہے۔