ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ

ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات سے ملک کو 801 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 27 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات کاحجم 631 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اپر یل میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات کاحجم 76 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپر یل کے مقابلہ میں 13 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ سال اپر یل میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات کاحجم 67 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مارچ کے مقابلہ میں اپر یل میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد اضافہ ہوا،مارچ میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات کاحجم 75 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں خدمات کے شعبہ کی مجموعی برآمدات کا حجم 6.933 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.341 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 9 فیصد زیادہ ہے۔