ملائیشین وزیر اعظم کی پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش

ملائیشیاکے وزیر اعظم انور ابراہیم نے بھی پاک بھارت کشیدگی کے خاتمےکےلیے ثالثی کی پیشکش کر دی۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے رابطہ ہوا تھا،جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تحقیقات میں ملائیشیا کی شمولیت کا خیر مقدم کرے گا۔
ملائیشیاکے وزیر اعظم انور ابراہیم نے وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں پہلگام حملے کی غیر جانبدارنہ اور شفاف تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے کی حمایت کی۔
ملائیشین وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملائیشیا دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، امید ہے کشیدگی میں جلد کمی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے ایران کی ثالثی کی بھی کوششیں جاری ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقات کی۔
ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔