ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینئر سیاستدان سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینئر سیاستدان سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم تاج حیدر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر زیرک، مخلص اور اصول پسند سیاستدان اور پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں سے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تاج حیدر نے ہمیشہ پارٹی کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کیا ،ان کی سیاسی بصیرت، تحریری قابلیت اور بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ تاج حیدر کی وفات نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ ملک بھر کی سیاست کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے،ان کی فکری رہنمائی اور نظریاتی وابستگی پارٹی کے کارکنان کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم تاج حیدر کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔