عالمی

متحدہ عرب امارات کے صدر کا فلسطینی عوام کی بے دخلی کی مخالفت کے موقف کا اعادہ

متحدہ عرب امارات کے صدر، شیخ محمد بن زاید النہیان نےامریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا خیرمقدم کیا، جو متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق ملاقات کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر گفتگو کی اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنماؤں نے متعدد علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تازہ ترین پیش رفت اور غزہ بحران سے متعلق جاری سفارتی کوششوں پر توجہ مرکوز کی۔شیخ محمد بن زاید النہیان نے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کے امارات کے واضح اور مستقل موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو کو ایک ایسے پائیدار امن کے راستے سے منسلک کیا جائے، جو دو ریاستی حل کے اصولوں پر مبنی ہو، کیونکہ یہی مشرق وسطیٰ میں استحکام کا واحد موثر طریقہ ہے،تنازع کی شدت میں اضافے کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے، کیونکہ یہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔اس ملاقات میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدارتی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدر کے مشیر، شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، بین الاقوامی تعاون کی وزیر ریّم بنت ابراہیم الہاشمی اور امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button