پی ایف سی نے اومان میں منعقدہ بین الاقوامی ڈیزائن اینڈ فرنیچر نمائش میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل نے اومان کے شہر مسقط میں 10 سے 12 فروری تک منعقدہ 11 ویں بین الاقوامی ڈیزائن اینڈ فرنیچر نمائش میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ عمان سے جمعرات کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ عمانی میڈیکل میٹریس ورلڈ کے اشتراک سے منعقدہ نمائش میں پی ایف سی نے اعلی معیار کے روایتی دستکاری اور جدید ایرگونومک امتزاج کے پرتعیش گھریلو فرنیچر اور خصوصی طبی میٹریس کی بڑی رینج نمائش کے لیے پیش کی۔ اس میں بین الاقوامی خریداروں، ڈیزائنرز، آرکیٹیکٹس اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد نے گہری دلچسپی لی اور اس کے جدید اور فعال ڈیزائنوں سے متاثر ہوئے۔
پی ایف سی عالمی فرنیچر مارکیٹ میں پاکستان موجودگی کو بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے پرعزم ہے۔ آئی ڈی ایف عمان میں کامیابی عالمی سطح پر پاکستانی کاریگری اور جدت طرازی کی بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاس ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنا اور عالمی فرنیچر مارکیٹ میں پاکستان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اس نمائش میں شرکت سے مشرق وسطی کی مارکیٹ میں نیٹ ورکنگ، معلومات کے تبادلے اور کاروباری مواقع کی تلاش میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔