ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر29 فیصد اضافہ

ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2024سے لیکرجنوری 2025تک کی مدت میں ملک میں گاڑیوں کے 936179 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 29 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں گاڑیوں کے 724879 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی
جنوری میں ملک میں 159553 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ہوئی جودسمبرکے 135593 یونٹس کے مقابلہ میں 18 فیصد اورگزشتہ سال جنوری کے 119211 یونٹس کے مقابلہ میں 34 فیصد زیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 51 فیصد کی نمو ہوئی ہے، مالی سال کے پہلے 7ماہ میں 58266 یونٹس کاروں کی فروخت ہوئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 38464 یونٹس کاروں کی فروخت ہوئی تھی۔مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ایل سی ویز،وینز اورجیپوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 72 فیصد
جبکہ ٹرکوں اوربسوں کی فروخت میں بالتریب 108 فیصد اور53 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح مالی سال کے پہلے 7ماہ میں موٹرسائیکلوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔