امریکا، ہوائی اڈے پر 2 جیٹ طیاروں میں تصادم ، ایک شخص ہلاک،3 زخمی

امریکی ریاست ایریزونا کے سکاٹسڈیل ہوائی اڈے پر 2 جیٹ طیاروں کے رن وے پر ٹکرانے کے بعد ایک شخص ہلاک اور3 افراد زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق یو ایس فیڈرل ایوی ایشن ایسوسی ایشن نے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ سہ پہر کو ایریزونا کے سکاٹسڈیل میونسپل ہوائی اڈے پر لیئر جیٹ 35 اے لینڈنگ کے بعد گلف سٹریم 200 بزنس جیٹ سے ٹکرا گیا۔ سکاٹسڈیل ایئرپورٹ نے فیس بک پوسٹ میں حادثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ رن وے 21 پر پہنچنے کے بعد پیش آیا، فائر ڈیپارٹمنٹ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔
سکاٹسڈیل ایئرپورٹ کے ایوی ایشن پلاننگ اور آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر کیلی کوسٹر نے کہا کہ ہوائی اڈے کا رن وے فی الحال بند ہے اور مستقبل قریب تک ایسا ہی رہے گا۔ سکاٹس ڈیل کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے کیپٹن ڈیو فولیو نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ حادثے میں ایک شخص موقع پر ہلاک ہو گیا اور 3 افراد زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ایک شخص اب بھی ملبے کے اندر پھنسا ہوا ہےجس کی تلاش کا کام جاری ہے ۔