آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل ہیں ،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل ہیں ۔ ٹورنامنٹ کو یادگار بنائیں گے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ چیئرمین پی سی بی نے پویلین، میڈیا باکس، وی آئی پی باکسز سمیت سٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور فنشنگ ورک کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ راولپنڈی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے جبکہ پویلین اور میڈیا باکس کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکلوژرز میں کرسیوں کی تنصیب کا کام آخری مراحل میں ہے جسے چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان میں آئی سی سی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو رہا ہے ۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کو یادگار بنائیں گے اور امید ہے شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ محسن نقوی نے ٹیموں کے لیے مجوزہ سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو گا اور راولپنڈی سٹیڈیم میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 24 فروری کو بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ، دوسرا میچ 25 فروری کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جبکہ تیسرا میچ 27 فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔