قومی

پاک دھرتی ہماری ریڈ لائن ہے، ہمیں صحیح معنوں میں ریاست کے تحفظ کی فکر کرنا ہوگی،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاک دھرتی ہماری "ریڈ لائن” ہے، کسی بھی محب وطن کے لیے ملک و قوم سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی، ہمیں سیاست یا حکومت کرنے کے بجائے صحیح معنوں میں ریاست کے تحفظ کی فکر کرنا ہوگی۔ پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں مختلف اضلاع کے پارٹی رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان موجودہ حالات میں جن خطرات کا شکار ہے ساری قوم کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے اسلئے ہمیں ہر لمحہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ تنظیمی ڈھانچے کی منظوری دی اور رفاقت علی گیلانی کو آئی پی پی جنوبی پنجاب کا صدر اور تحسین نواز گردیزی کو جنرل سیکرٹری مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن جاری کیے ،دونوں عہدیداران نے عبدالعلیم خان سے ملاقات میں اس اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی بھرپور کارکردگی کا یقین دلایا۔

ملتان سے بریگیڈئیر قیصر ماھے، بہاولپور سے ایاز محمود، قصور سے شہباز مغل اور بدوملہی سے یاسر علی ملہی نے بھی صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اضلاع کی سیاسی و تنظیمی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، آئی پی پی لاہور کے صدر ملک زمان نصیب، جنرل سیکرٹری رانا جاوید اقبال اور سابق ایم پی اے ہارون عمران گل بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔

اس موقع پر بالخصوص صوبہ پنجاب میں پارٹی کی موجودہ صورتحال، آئندہ بلدیاتی انتخابات، ضلعی سطح پر ورکرز کنونشن کے انعقاد اور دیگر پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبائی سیکرٹریٹ آمد پر پارٹی کارکنوں و رہنمائوں نے عبدالعلیم خان کا والہانہ استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی۔ پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے ملاقات کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فعال ہو کر عوامی رابطوں کو یقینی بنائیں اور ترقی و خوشحالی کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button