قومی

غریب وپسماندہ طبقوں کے نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بر سر روزگار بنایا جائے گا،چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن روبینہ خالد نے کہا ہے کہ غریب اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بر سر روزگار بنانے کے ساتھ ساتھ غربت کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے خصوصی ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر فیصل آبا د چیمبر قیصر شمس گچھا اور رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی ودیگر بھی موجود تھے۔

چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی سفارش پر غریبوں کو مستقل بھکاری بنانے کی بجائے انہیں ہنر سکھانے پر توجہ دی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں مختلف ادارے کام کر رہے ہیں جن کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت صنعتکاروں کی مشاورت سے مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر سکھانے کا بندوبست کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف یہ نوجوان روزگار کے ذریعے اپنے خاندان کی خود کفالت کر سکیں گے بلکہ صنعتوں کو ان کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت بھی مل سکے گی۔

روبینہ خالد نے یقین دلایا کہ فیصل آباد گارمنٹس سٹی میں قائم خواتین کے ٹریننگ سینٹر کو بھی ہنر سکھانے والے سرکاری اداروں کے تعاون اور معاونت سے جلد فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15روز بعد دوبارہ میٹنگ ہو گی تاکہ اس سلسلہ میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے کر درپیش رکاوٹوں کودور کیا جا سکے۔

قبل ازیں صدرفیصل آباد چیمبر نے بتایا کہ ان کی یہ ملاقات گزشتہ ملاقات کے فالو اپ کا حصہ ہے تاکہ پہلی میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے غربت کے خاتمے کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریب اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلبہ کو ہنر مند بنا کر باعزت روزگار کمانے کے قابل بنایا جائے تاکہ صنعتوں کو بھی ہنر مند افرادی قوت مل سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button