قومی

سالانہ 4 بلین ڈالر کے اقتصادی مواقع کی حامل صنعتی ہیمپ کو تیسری نقد آور فصل کے طور پر متعارف کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے،سرورخاں

ٹیکسٹائل کی صنعت کو بچانے کیلئے سالانہ 4 بلین ڈالر کے اقتصادی مواقع کی حامل صنعتی ہیمپ کو تیسری نقد آور فصل کے طور پر متعارف کروانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے تین روزہ بین الاقوامی سٹیک ہولڈر ورکشاپ اور انڈسٹریل ہیمپ ویلیو چین کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت پانچ بڑی فصلوں پر انحصار کر رہا ہے جن میں سے کپاس اور گنا نقد آور فصلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ہیمپ کو تیسری نقدآور فصل کے طور پر شروع کیا جانا چاہئے جو زیادہ ماحول دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ہیمپ ماحول پر کاربن کے اثرات کو کم کرنے اور معاشی ترقی میں مدد دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کپاس کا رقبہ بلوچستان منتقل ہو جائے گا۔ انڈسٹریل اینڈ میڈیکل ہیمپ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر الطان صدیق نے کہا کہ انڈسٹریل ہیمپ کی فصل کپاس کے مقابلے میں 70 فیصد کم پانی استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ5 لاکھ ایکڑ زیر کاشت کے ساتھ ہیمپ کی فی فصل 50 لاکھ ٹن CO2 جذب کر سکتی ہے، کپاس کے لیے صرف ایک تہائی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہیمپ مٹی کی ساخت کو بہتر بناتا ہے، کٹاؤ کو کم کرتااور طویل مدتی پیداواری صلاحیت کیلئے کھیتی باڑی کو زندہ کرتا ہے۔

چیئرمین ٹیکسٹائل انجینئرنگ ڈاکٹر اسد فاروق نے کہا کہ ہیمپ زراعت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے خوشحالی کا ایک پائیدار راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ہیمپ ایک کلیدی صنعت کے طور پر ترقی کے لیے اسٹریٹجک اور اضافی سپلائی چین کی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

چیئرمین ایگرانومی ڈاکٹر ندیم اکبر نے کہا کہ انڈسٹریل ہیمپ معاشی اور دیہی ترقی کا باعث بنے گی۔ سپلائی چین، کسانوں، پروسیسرز اور اختراع کاروں کے لیے بیش بہا ترقی کے مواقع موجود ہیں۔ ڈاکٹر صدام حسین نے کہا کہ یونیورسٹی انڈسٹریل ہیمپ کی اقسام اور دیگر حوالہ جات سے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ بہتر فصل، سپلائی چین فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نایاب خان اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button