اے پی ایس کے طلبہ اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا،انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، 16 دسمبر 2014 کا سانحہ قومی تاریخ کا سیاہ باب ہےجسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اے پی ایس کے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد کیا۔
پیر کو اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم شہدا دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی اتحاد اور عزم کی علامت ہیں، ان کے والدین کے صبر و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون سازی کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے،16 دسمبر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے امن کو یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں ، اس جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔