ٹاپ نیوز

اے پی ایس کے سانحے پر ہمارا دل آج بھی غمزدہ اور خون کے آنسو روتا ہے، فتنہ الخوارج اور ان جیسے دوسرے دہشت گرد و ملک دشمن گروہوں کا دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کسی بھی معاشرتی اقدار سے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اے پی ایس کے سانحے پر ہمارا دل آج بھی غمزدہ اور خون کے آنسو روتا ہے، فتنہ الخوارج اور ان جیسے دوسرے دہشت گرد و ملک دشمن گروہوں کا دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کسی بھی معاشرتی اقدار سے ، پوری قوم ان بزدل دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور انشاء اللہ کھڑی رہے گی ، ہماری سکیورٹی فورسز تمام ملک دشمن عناصر سے پوری ہمت اور جواں مردی سے نبرد آزما ہیں۔

پیر کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سانحہ آرمی پبلک سکول کے دس برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج جبکہ پاکستان کی تاریخ کے ایک ناقابل فراموش سانحے اور ایک بہت بڑے نقصان کے دس سال مکمل ہو رہے ہیں ہمارا دل غم زدہ اور خون کے آنسو روتا ہے، یہ ایسا دل سوز واقعہ تھا جس کی یاد ایک دہائی سے ہمارے دلوں کو مضطرب کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو بزدل، بے رحم اور حیوانیت سے بھرپور دہشت گرد آرمی پبلک سکول پشاور کے احاطے میں گھس کر تباہی و بربادی کرتے ہوئے 144 معصوم جانوں کو ہم سے ہمیشہ کےلئے جدا کر گئے، اس حیوانیت کا شکار ہوکر شہید ہونے والوں میں سے اکثریت کم سن بچوں کی تھی جو کہ بہت ہی کم عمری میں ہمیں غمگین کرکے دنیا سے چلے گئے، ان کی زندگی، ان کے خواب، ان کی امیدیں اور ان کا مستقبل ان سے چھین لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحے کو خواہ کتنا ہی وقت کیوں نہ گزر جائے ان معصوم و کم سن بچوں کی جدائی کے صدمے کو مٹا نہیں سکتا، ان ننھی کونپلوں نے اس دن ناقابل برداشت ظلم و بربریت کا سامنا کیا اور جام شہادت نوش کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان خاندانوں اور والدین جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس بھیانک سانحے میں کھو دیا اور جن کے لخت جگر ان سے چھین لئے گئے ،کے غم اور تکلیف کو کسی طور بھی کم نہیں کیا جا سکتا ۔

ان کا کہنا تھاکہ قوم کو یاد رکھنا چاہیے کے فتنہ الخوارج اور ان جیسے دوسرے دہشت گرد ملک دشمن گروہوں کا نہ دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کسی بھی معاشرتی اقدار سے ، بیرونی ملک دشمن عناصر کی ایما پر یہ بزدل معصوم پاکستانیوں کو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے نشانہ بناتے ہیں ، پوری قوم ان بزدل دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور انشاء اللہ کھڑی رہے گی ۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم بچوں و اساتذہ کی بہادری کو سلام، انہیں خراج عقیدت، ان کے خاندانوں کی قربانیوں اور سکیورٹی فورسز کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو آج بھی تمام ملک دشمن عناصر سے پوری ہمت اور جواں مردی سے نبرد آزما ہیں، آئیے آج ہم ایک پر امن اور محفوظ پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں جہاں کسی معصوم کو دوبارہ اس ظلم و بربریت سے نقصان نہ پہنچے، کسی بھی بچے کو خوف کے عالم میں سکول نہ جانا پڑے اور ایسی کسی بھی ناانصافی کی کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک عہد ہے جو ہمیں مل کر کرنا ہے، یہ سب ہم پر اس سانحے کے متاثرین و شہدا کا قرض ہے کہ ہم سب اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی جانیں رائیگاں نہیں گئیں، ہم کبھی نہیں بھولیں گے، ہم کبھی معاف نہیں کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button