ابوظہبی میں فوجی سرگرمیوں میں اخلاقی اصولوں اور احتساب پر بین الاقوامی کانفرنس

ابوظہبی میں فوجی سرگرمیوں میں اخلاقی اصولوں اور احتساب، فوجی قانون اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے کردار، اور مسلح تنازعات کی روک تھام کی اہمیت پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔خبر رساں ادارے وام کےمطابق گزشتہ روز اس ایک روزہ کانفرنس میں متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے انڈر سیکریٹری مطر سالم علی الظہری سمیت متعدد اعلیٰ افسران اور حکام نے شرکت کی۔
یہ کانفرنس یو اے ای کی وزارت دفاع اور انٹرنیشنل سوسائٹی فار ملٹری لا اینڈ دی لا آف وار کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔کانفرنس کے دوران مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی، جن میں مشکل حالات میں بین الاقوامی انسانی قوانین کے نفاذ، بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام، مسلح تنازعات میں طبی نگہداشت کے قانونی پہلو، اور خلا میں موجودہ اور مستقبل کی فوجی سرگرمیوں کے بین الاقوامی قانونی پہلو شامل تھے۔