کیڈٹ عارف اللہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرآت و بہادری کی مثال قائم کی ،وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں چھٹی پر آئے زیر تربیت پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹ عارف اللہ کو دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسے بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگرد وطن عزیز میں انتشار پھیلانے کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کیڈٹ عارف اللہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرآت و بہادری کی مثال قائم کردی۔چھٹی پر آئے زیرِ تربیت کیڈٹ سے گوارہ نہ ہوا کہ معصوم شہری دہشتگردی کا نشانہ بنیں۔پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی اور مٹی سے عہدِ وفاء کی مثال پوری دنیا میں ڈھونڈنے سے نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو بخوبی اندازہ ہو جانا چاہیئے کہ وہ کن آہنی اعصاب کے مالک جری جوانوں سے ٹکرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔کیڈٹ عارف اللہ شہید کی فرض شناسی اور لگن نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ کیڈٹ عارف اللہ شہید اور ان کے اہلِ خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کیڈٹ عارف اللہ شہید جیسے بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگرد وطن عزیز میں انتشار پھیلانے کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعاکی۔